جناب، مجھے حجاب کے بارے میں بتائیے کہ حجاب کا مطلب صرف سر کو چھپانا ہے یا چہرے کو بھی چھپانا ہے؟ اسلام میں کیا ضروری ہے؟ چہرہ بھی چھپانا ضروری ہے یا صرف سر کو؟ میں جب مارکیٹ یا سکول جاتی ہوں تو چہرہ بھی چھپاتی ہوں اور جب کسی شادی یا اس جیسے دیگر پروگرام میں جاتی ہوں تو صرف سر کے اوپر پہنتی ہوں۔۔۔ مجھے بتائیے گا کہ کونسا درست ہے۔

ایک خاتون کے لیے بدن کے مندرجہ ذیل تین حصوں کو چھپانا ضروری نہیں ہے: (1) ہاتھوں میں کلائیوں سے انگلیوں کے سِروں تک، (2) چہرے میں وہ حصہ جو وضو کرتے ہوئے دھویا جانا ضروری ہے، (3) اور پاؤں میں ٹخنوں سے نیچے انگلیوں کے سِروں تک۔ مذکورہ حصوں کے علاوہ پورا بدن چھپانا واجب ہے۔ اگر چہرہ بھی چھپا لیتی ہیں تو بہتر ہے۔ خاص طور پر اگر ماحول ایسا ہو اور معاشرے کی ضرورت ہو تو اچھی بات ہے کہ گھر سے نکلتے ہوئے برقعہ پہن لیا کریں اور چہرہ چھپا کر نکلیں۔