بھائی، میں نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ان کی اہل بیت (علیہم السلام) کے راستے پر چلنا چاہتا ہوں۔ میں نے ویسے نماز شیعوں کے طریقے کے مطابق پڑھنا شروع کیا ہے۔ میں نے بہت تحقیق کی مگر مجھے اس چیز کا جواب نہیں ملا کہ شیعوں کی نماز کا طریقہ وہی طریقہ ہے جو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور مولا علی علیہ السلام و اہل بیت علیہم السلام کا طریقہ ہے۔ آپ مجھے بتا دیں کہ یہ کہاں سے ثابت ہے تو مجھے دوسروں کو سمجھانے میں آسانی ہوگی۔ شکریہ

نماز کا طریقہ رسول اکرم (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے زریعے اہل بیت (علیہم السلام) تک پہنچا، پھر اہل بیت اطہار (علیہم السلام) میں سے ہر ایک نے اپنے سے پہلے والے فرد سے نماز کا طریقہ لیا اور آگے مؤمنین کی رہنمائی فرمائی۔ یہی سلسلہ آخری امام حضرت صاحب الزمان (عج) تک جاری رہا۔ امامِ زمانہ(عج) کی غیبت کے بعد تعلیماتِ اہلبیت (علیہم السلام) کی نشر و تبلیغ کی ذمے داری فقہاء و مجتہدین اور علماء پر آگئی۔ اور ہمارے کسی بھی فقیہ کا دوسرے فقیہ اور مجتہد سے طریقہ نماز میں اختلاف نہیں ہے۔ ہر ایک نے وہی ایک نماز کا طریقہ نقل کیا اور دوسروں تک پہنچایا۔ یہ جاننے کے لیے آپ مختلف مجتہدین کے رسالۂ علمیہ (توضیح المسائل) کا مطالعہ کر سکتے ہیں۔ اور جہان تک ہمارا غیرِ امامیہ کے طریقہ نماز سے فرق کی بات کریں تو واضح مندرجہ ذیل چند فرق کے علاوہ باقی ایک جیسے ہیں؛ (1) غیر امامیہ مسلمان ہاتھ باندھ کے نماز پڑھتے ہیں جبکہ امامیہ ہاتھ باندھ کے نماز پڑھنا جائز نہیں ہے۔ اگر غیر امامیہ کے کتب فقہ کا مطالعہ کریں گے یا ان کے مستند علماء سے پوچھیں گے تو معلوم ہوگا کہ ان کے ہاں بھی ہاتھ باندھ کے نماز پڑھنے کا وجوب ثابت نہیں ہے۔ (2) غیر امامیہ مسلمان اکثرنماز میں کوئی سورہ پڑھتا ہے تو کسی سورہ کے شروع میں ”بسملہ“ نہیں پڑھتے جبکہ یہ قرآن مجید سے ہی ثابت ہے کہ سورہ توبہ کے علاوہ ہر سورہ کے ساتھ ”بسملہ“ پڑھنا چاہیے۔ (3) وہ سورہ حمد کے بعد ”آمین“ پڑھتے ہیں جبکہ یہ واجب نہیں ہے۔ اور ہم (امامیہ اثنا عشری) سورہ حمد کے بعد ”الحمد للہ“ پڑھتے ہیں۔ یہ بھی واجب نہیں ہے۔ (4) غیر امامیہ نماز میں سلام کے بعد یا سلام کے ساتھ دائیں اور بائیں جانب منہ موڑتے ہیں جس کا وجوب ان کے ہاں ثابت نہیں ہے۔ جبکہ ہم (امامیہ اثناعشری) صرف آنکھوں سے دائیں بائیں اشارہ کرتے ہیں یہ بھی واجب عمل نہیں ہے۔ مندرجہ بالا چند غیر اہم فرق کے علاوہ ذکر، تشہد، رکوع، سجود، قیام وغیرہ تقریباً نماز کے سارے اعمال و اذکار ایک جیسے ہی ہیں۔