موسیقی کے بارے میں فقہی احکام بتا دیں کہ موسیقی کی کونسی اقسام ہیں جو سننا جائز ہے اور کونسی اقسام ہیں جن کا سننا جائز نہیں ہے۔

حرام موسیقی وہ ہے جو لہو و لعب کی محافل سے مناسبت رکھتی ہو، اگر چہ جنسی خواہشات کو نہ ابھارے۔ اور حلال موسیقی وہ ہے جو لہو و لعب کی محافل سے مناسبت اور ہم آہنگی نہ رکھتی ہو، اگر چہ اعصاب کو سکون نہ بخشے۔ جیسے عسکری اور جنازوں میں بجائی جانے والے موسیقی۔ غنا (گانے) تمام کے تمام حرام ہیں اور ہماری رائے کے مطابق غنا اس لہو و لعب اور بے ہودہ کلام کا نام ہے جو اہل لہو و لعب کے لحن میں پیش کیا جائے۔ اور اسی طرح (گانے والے) لحن اور طرز میں قرآن کی تلاوت کرنا، دعائیں پڑھنا اور اہل بیتؑ کی شان میں قصیدے پڑھنا بھی حرام ہے۔ اس لہو و لعب اور بے ہودہ کلام کے علاوہ کچھ اور گانے کی طرز پر کلام، جیسے گانے کی طرز پر شجاعت و بہادری کے ترانے ہیں تو احتیاط واجب کے طور پر یہ حرام ہیں۔ جس لحن اور طرز پر گانے کی گزشتہ تعریف صادق نہ آتی ہو وہ حرام نہیں۔