نماز یا روزے کے لیے قصر کے بارے میں کیا حکم ہے؟ قصر کتنے کلو میٹر تک واجب ہے؟

مسافر پر لازم ہے کہ نماز ظہر عصر اور عشا نو شرط کے ساتھ قصر یعنی دو رکعت پڑھے۔ مسافر کی نماز قصر ہونے کے شرائط: پہلی شرط: اس کا سفر آٹھ شرعی فرسخ سے کم نہ ہو۔ دوسری شرط: آغاز سفر سے آٹھ فرسخ طے کرنے کا قصد رکھتا ہو۔ تیسری شرط: سفر کے دوران اپنے قصد سے نہ پلٹے۔ چوتھی شرط: آٹھ فرسخ تک پہونچنے سے پہلے سفر کو ختم کرنے والی چیز پیش نہ آئے۔ پانچویں شرط: حرام کام کے لیے سفر نہ کرے۔ چھٹی شرط: تفریحی شکار کے لیے سفر نہ کرے۔ ساتویں شرط: خانہ بدوش نہ ہو۔ آٹھویں شرط: اس کا کام سفر نہ ہو اور شرعی مسافت کی حد تک کثیرالسفر نہ ہو۔ نویں شرط: اگر وطن سے سفر کرے تو حد ترخص تک پہونچ جائے۔ روزے میں قصر؛ جس مسافر کے لئے سفرمیں چاررکعتی نمازکے بجائے دورکعت پڑھنا ضروری ہواسے روزہ نہیں رکھناچاہئے لیکن وہ مسافرجوپوری نمازپڑھتاہومثلاً وہ شخص جس کاپیشہ ہی سفرہویاجس کاسفر کسی ناجائز کام کے لئے ہوضروری ہے کہ سفرمیں روزہ رکھے۔ جس دن سفر پہ نکلے اس دن اگر سفر زوال آفتاب (وقت نماز ظہر) سے پہلے سفر کرے تو اس دن کا روزہ قصر ہوگا، اور اگر زوال آفتاب کے بعد سفر پہ نکلتے ہیں تو اس دن کا روزہ قصر نہیں ہوگا۔ اس کے بعد جتنے دن سفر کے حکم میں ہوں گے اس کے مطابق عمل کرے۔