کیا نماز کا وضو پینے والے پانی سے کر سکتے ہیں؟ مثلاً کولر سے یا بوتل سے جس میں صرف پینے کا پانی ہو۔ اور اگر وضو کے لیے اور پانی موجود نہ ہو اور نماز کا وقت ہو رہا ہو تو اس وقت کیاکریں؟ وقت نکل رہا تو کیا حکم ہے؟ کیا وضو کرکے نماز ادا کریں یا پھر پانی ملنے کا انتظار کرے اوروقت نکل جانے کے بعد نماز قضا کریں؟

اگر کولر کا پانی کسی اور کی ملکیت ہو اس میں سے پانی پینے کے لیے اجازت دے رکھی ہو تو اس پانی کو آپ بغیر اجازت وضو/غسل کے لیے استعمال نہیں کر سکتے۔ اگر کسی اور ذریعے سے وضو کے لیے پانی مل جائے تو ٹھیک ہے اس سے وضو کر کے نماز بجا لائیں۔ بصورتِ دیگر وقت نماز ختم ہونے سے پہلے تیمم کر کے نماز ادا کریں۔ اور اگر کولر کا پانی آپ کی اپنی ملکیت ہو اور بعد میں کھانے/پینے میں استعمال کے لیے بھی پانی موجود ہو تو اس پینے کے پانی کو وضو کرنے کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔ بہر صورت نماز قضا نہیں کرنی، وضو یا تیمم کے ذریعے وقت کے اندر نماز بجا لانا ضروری ہے۔