مجھے اپنی حاجات کےلئے زیارت عاشورآء پڑھنی ہے تو آپ مجھے طریقہ بتادیں۔ اور یہ بھی بتا دیں کہ کونسا وقت بہتر ہے زیارت عاشورآء پڑھنے کےلئے؟ اگر ایک خاتون زیارت عاشورآء کا عمل کر رہی ہواس دوران خواتین کے خاص ایام (ایامِ ماہواری) آ جائیں تو وہ کیسے اس سلسلے کو جاری رکھ سکیں گی؟ وضاحت کیجئے گا، شکریہ

زیارت عاشورآء کسی بھی وقت جتنی تعداد میں پڑھنا چاہیں پڑھ سکتے ہیں۔ لیکن بہترین وقت صبح یا عصر کا وقت ہے اور تعداد میں چالیس دن تک پڑھیں۔ کیونکہ چالیس کا اپنا خاص اثر ہوتا ہے۔ اور ہر روز زیارت عاشورآء کے فوراً بعد دو رکعت نمازِ زیارت، پھر دعائے علقمہ پڑھیں جو کہ زیارتِ عاشورآء کے بعد پڑھی جاتی ہے۔ اس کےبعد سورۂ یاسین پڑھ کر مولاامام حسینؑ کو ہدیہ کریں۔ اور ماہواری کے ایام میں خواتین زیارت، دعائے علقمہ اور سورہ یاسین پڑھ سکتی ہیں۔ لیکن نماز نہیں پڑھ سکیں گی۔ تو اسی طرح یہ سلسلہ برقرار رکھ سکتی ہیں۔ اور اگر آپ چاہیں تو ان ماہواری کے ایام میں عمل روک کے رکھیں جب یہ ایام گزر جائیں تو بعد میں جتنے دن رہ گئے ہیں وہ بجا لائیں۔ یعنی اگر ماہواری کے ایام شروع ہونے سے پہلے مثلا 25 دن مکمل ہو چکے تھے تو جب ماہواری کے ایام ختم ہونگے تو باقی کے 15 دن کا عمل کر کے چالیس کی تعداد مکمل کریں۔