نماز آیات کا طریقہ بتا دیں۔

نماز آیات دو رکعتوں پر مشتمل ہے اور ہر رکعت میں پانچ رکوع ہیں۔ اس کے پڑھنے کا دو طریقہ ذکر ہوا ہے: ۩ پہلا طریقہ: نیت کرنے کے بعد انسان تکبیر کہے اور ایک دفعہ الحمد اور ایک پورا سورہ پڑھے اور رکوع میں جائے اور پھر رکوع سے سر اٹھائے پھر دوبارہ ایک دفعہ الحمد اور ایک سورہ پڑھے اور پھر رکوع میں جائے۔ اس عمل کو پانچ دفعہ انجام دے اور پانچویں رکوع سے قیام کی حالت میں آنے کے بعد دو سجدے بجالائے اور پھر اٹھ کھڑا ہو اور پہلی رکعت کی طرح دوسری رکعت بجالائے اور تشہد اور سلام پڑھ کر نماز تمام کرے۔ ۩ دوسرا طریقہ: نیت کرنے اور تکبیر اور الحمد پڑھنے کے بعد ایک سورے کی آیتوں کو پانچ حصوں میں تقسیم کرے اور ایک حصہ پڑھے پھر رکوع میں جائے اور پھر کھڑا ہو جائے اور الحمد پڑھے بغیر اسی سورہ کا دوسرا حصہ پڑھے اور رکوع میں جائے اور اسی طرح اس عمل کو دہراتا رہے حتی کہ پانچویں رکوع سے پہلے سورے کو ختم کردے مثلاً سورہ فلق میں پہلے؛ ”بِسمِ اللہِ الرَّحمٰنِ الرَّحِیمِ ۔ قُل اَعُوذُ بِرَبِّ الفَلَقِ“ پڑھے اور رکوع میں جائے اس کے بعد کھڑا ہو، اور پڑھے ”مِن شَرَّ مَاخَلَقَ“ اور دوبارہ رکوع میں جائے اور رکوع کے بعد کھڑا ہو، اور پڑھے ”وَمِن شَرِّغَاسِقٍ اِذَا وَقَبَ“ پھر رکوع میں جائے اور پھر کھڑا ہو، اور پڑھے ”ومِن شِرّالنَّفّٰثٰتِ فِی العُقَدِ“ اور رکوع میں چلا جائے اور پھر کھڑا ہو جائے، اور پڑھے ”وَمِن شَرِّ حَاسِدٍ اِذَا حَسَدَ“ اور اس کے بعد پانچویں رکوع میں جائے اور (رکوع سے) کھڑا ہونے کے بعد دو سجدے کرے۔ اور دوسری رکعت بھی پہلی رکعت کی طرح بجالائے اور اس کے دوسرے سجدے کے بعد تشہد اور سلام پڑھے۔