ایک کپڑے کو کتے نے سونگھ لیا۔ اور اس کے بعد وہ کپڑا خشک ہے، اس خشک کتے کے سونگھے ہوئے کپڑے کے ساتھ کوئی دوسرا کپڑا لگ جائے تو کیا وہ دوسرا کپڑا بھی نجس ہوگا؟

اولاً کتے کے سونگھنے سے کپڑا نجس نہیں ہوتا۔ بلکہ کتا چاٹ لے یا اس کا لعاب دہن اس کپڑے کے ساتھ لگ جائے تو نجس ہوتا ہے۔ کتے نے اگر کوئی چیز مثلاً برتن یا کپڑا چاٹ لیا ہو تو وہ چیز نجس ہو جاتی ہے۔ پھر اس نجس چیز کے ساتھ کوئی دوسری چیز لگ جائے تو ان دونوں (چاٹے ہوئے کپڑے اور دوسری چیز) میں سے کوئی ایک یا دونوں گیلا ہو تو دوسری چیز بھی نجس ہو جاتی ہے۔ لیکن اگر دونوں خشک ہو تو نجس کپڑے کے ساتھ لگنے سے دوسرا کپڑا یا برتن وغیرہ نجس نہیں ہوتا۔ جہاں تک سوال میں جو پوچھا گیا ہے اس کا جواب یہ ہے کہ چونکہ جس کپڑے کو کتے نے سونگھا ہے وہ نجس ہی نہیں ہوا تو اسکا دوسرے کپڑے کے ساتھ حالتِ تری یا خشکی میں لگنے سے دوسرا کپڑا بھی نجس نہیں ہوگا۔