اگر کسی کو کفارے کے دو مہینے روزے رکھنے ہوں توکیا مہینے کا حساب اسلامی (ہجری قمری) کیلینڈر کے مطابق ہوگا؟ اور یہ بھی کہ کیا مہینے کی ابتدا سے روزہ رکھنے کا آغاز کرنا چاہیئے یا درمیانِ ماہ کسی بھی تاریخ سے شروع کیا جا سکتا ہے؟ برائے مہربانی اس کے جواب سے آگاہ فرمائیں۔ جزاڪ الله!

جو شخص دو مہینہ ماہ رمضان کے کفارے کے روزے رکھنا چاہتا ہے اس کے لئے لازم ہے کہ ایسے وقت شروع نہ کرے کہ ایک مہینہ اور ایک دن کے دوران عید قرباں یا اس جیسے کوئی ایسا دن آ جائے کہ اس دن روزہ حرام ہے یا روزہ رکھنا اور (ایک ماہ ایک دن کے) تسلسل کو برقرار رکھنا ممکن نہ ہو۔۔ کفارے کے روزے میں اسلامی ماہ کو معیار بنانا ضروری نہیں ہے۔ کسی بھی تاریخ سے شروع کیا جا سکتا ہے، (لیکن مندرجہ بالا تاریخ کا خیال رکھا جائے۔) ہاں اگر اسلامی مہینے کے ابتدا سے اگر وہ کفارے کے روزے رکھنا شروع کرے اور وہ مہینہ ۲۹ کا ہو جائے تو ۲۹ دنوں کے ساتھ ایک مہینہ مکمل ہو جاتا ہے پھر اگلے مہینے کا پہلا دن ملا کر ۳۰ دن روزہ رکھنے سے تسلسل کے ساتھ رکھنے کا دورانیہ مکمل ہوجاتا ہے۔ اور اگر مہینہ کی ابتدا اور یکم سے روزہ رکھنا شروع نہ کرے تو اسے چاہیئے کہ ۳۱ دن مکمل روزے رکھے۔