نماز تہجد کا آسان طریقہ بیان فرمائیں۔ کہ کونسا سورہ پڑھنا بہتر ہے اور کون کونسی دعائیں پڑھی جاتی ہیں۔۔۔

نمازِ شب(تہجد) کا آسان طریقہ وقت: نمازِ شب کا وقت آدھی رات سے صبحِ صادق تک ہے البتہ چاہیں تو عشاء کے بعد سونے سے پہلے بھی پڑھ سکتے ہیں اور اگر صبح صادق تک نہ پڑھ سکیں تو بعد میں قضاء کر سکتے ہیں بلکہ اس کی قضاء افضل ہے۔ طریقہ: کل 11 رکعات ہیں جن میں سے 8 رکعت دو، دو کرکےنماز فجر کی طرح پڑھنی ہیں۔ نیت: دو رکعت نافلہء شب قربۃ الی اللہ پھر 2 رکعت نماز شفع ہے جس میں دعاءقنوت نہیں پڑھنی۔نیت: دو رکعت نماز شفع قربۃ الی اللہ پھر ایک رکعت نماز وتر ہے جس کا قنوت طویل کرنا مستحب ہے۔ نیت: ایک رکعت نماز وتر قربۃ الی اللہ نماز وتر کے قنوت میں مستحب ہے کہ اللَّهُمَّ اغْفِرْ کہہ کر 40 مومنین زندہ و مردہ کا نام لیا جائے پھر 70 مرتبہ اَسْتَغْفِرُ اللهَ رَبِّىْ وَّاَتُوْبُ اِلَيْهِ(میں اللہ سے مغفرت مانگتا ہوں اور توبہ کرتا ہوں)کہے۔پھر سات مرتبہ کہے: هذا مَقامُ الْعائِذِ بِكَ مِنَ النّارِ( یہ اس شخص کا مقام ہے جو تیری بارگاہ میں آگ سےپناہ چاہتا ہے) نوٹ: -اگر 11 رکعت نہ پڑھ سکیں تو فقط آخری 3 رکعات یعنی شفع و وتر یا فقط وتر پر بھی اکتفاء کرسکتے ہیں۔ -نماز وتر میں 40 افراد کا نام لینا ضروری نہیں، کم بھی کرسکتے ہیں اور مکمل ترک بھی کرسکتے ہیں،اسی طرح باقی اذکار چھوڑ کرصرف 70 بار استغفار پڑھنا بھی کافی ہے۔ -وتر والی رکعت اور اس کا قنوت طویل کرنا مستحب ہے اسلیے چاہیں تو اس میں الحمد کے بعد 3 بار توحید اور سورۃ فلق و والناس بھی پڑھ سکتے ہیں۔اور قنوت میں 300 بار اَلعَفوکہنا بھی مستحب ہے۔