یہ جو جمادی الاول کو پورا مہینہ سوگ کا منایا جاتا ہے کیا یہ صحیح ہے؟ کیونکہ پہلے ایسا نہیں ہوتا تھا، اب یہ سلسلہ شروع ہو گیا ہے کہ بی بی (سلام اللہ علیہا) کی شہادت کے روز سے بہت دن پہلے شہادت کے ایام منائے جاتے ہیں۔ کیا ایسا کرنا درست ہے؟

محرم الحرام میں بھی شہدائے کربلا کی شہادت کا دن دس محرم الحرام کو یعنی عاشورا کا دن ہے۔ لیکن اس واقعے کی اہمیت کو مد نظر رکھتے ہوئے یکم محرم الحرام سے دس تک پھر اس کے بعد سے بیس صفر المظفر تک مجالسِ عزا کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ اسی طرح جناب سیدہ سلام اللہ علیہا کی شہادت کے ایام بھی ہم اس کی اہمیت کی وجہ سے مناتے ہیں۔ کیونکہ اولاً جناب سیدہ سلام اللہ علیہا کی شہادت بھی مولا امام حسین علیہ السلام کی شہادت سے کم نہیں ہے۔ ثانیاً جس طرح حضرت امام حسین علیہ السلام کی شہادت کے ایام میں رونے، رلانے اور مجالس کے انعقاد کرنے کا جو اجر ملتا ہے وہی اجر جناب سیدہ سلام اللہ علیہا کی شہادت کے ایام میں رونے، رلانے اور مجالس عزاء منعقد کرنے کے لیے بھی ہے۔ ثالثاً مجالس جو ہم منعقد کرتے ہیں وہ بامقصد ہونا چاہیے اور یہ مجالس لوگوں کی ہدایت کا ذریعہ ہو لوگوں کو دین سیکھنے کو ملے اور دینی تعلیمات سے آگاہی ملے، احکام الٰہی کا بیان ہو، قرآن مجید اور احادیث معصومین علیہم السلام کی روشنی میں تبلیغ دین مبین ہو۔ علاوہ ازیں چند چیزوں کا خیال رکھنا چاہیے جیسے آپ کا مجلس منعقد کرنا کسی دوسرے کو اذیت اور تکلیف کا باعث نہ بنے، اپنے سارے کام اور روزگار زندگی چھوڑ کر مجالس کے پیچھے پڑے رہیں، ایسا نہیں ہونا چاہیے۔